مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن و حسین اور ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت جب کہ ان کی بیٹی مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف ، ان کے بچوں حسین، حسن، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کے بچے اور داماد حاضر نہیں ہوئے، عدالتی استفسار پر فاضل جج کو بتایا گیا حسین ، حسن، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ملک میں نہیں ہیں اس لیے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی۔عدالت کے روبرو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ مریم، حسین اور حسن نواز کی والدہ علیل ہیں اور لندن میں زیرعلاج ہیں، نواز شریف عدالت میں پیش ہوگئے ہیں تو ان کے بچے بھی پیش ہوجائیں گے۔ عدالت نے وکلا کی یقین دہانی کو مسترد کرتے ہوئے حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت جب کہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیےہیں۔ کیس کی سماعت 9 اکتوبرکوہوگی اورنوازشریف سمیت تمام ملزمان پرفرد جرم بھی آئندہ سماعت پر ہی عائد ہوگی۔واضح رہے کہ نواز شریف، ان کے تین بچوں اور داماد پر سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں مقدمات قائم کئے گئے ہیں، احتساب عدالت 6 ماہ میں ریفرنسز کی سماعت کی پابند ہے تاہم قانون کے مطابق تمام ملزمان کی موجودگی میں فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔
پاکستان میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن و حسین اور ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت جب کہ ان کی بیٹی مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
News ID 1875667
آپ کا تبصرہ